ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہو ناورمیں مختلف مسلم تنظیموں کی جانب سے پلوامہ حملے کے خلاف مذمت۔کمٹہ،سرسی سمیت ضلع کے مختلف مقامات پرمسلم اداروں کی ریلیاں

ہو ناورمیں مختلف مسلم تنظیموں کی جانب سے پلوامہ حملے کے خلاف مذمت۔کمٹہ،سرسی سمیت ضلع کے مختلف مقامات پرمسلم اداروں کی ریلیاں

Tue, 19 Feb 2019 13:01:53    S.O. News Service

بھٹکل 19؍فروری (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کی مختلف مسلم تنظیموں اور اداروں نے سی آر پی ایف جوانوں کے قافلے پر کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد تنظیم جیش محمد کو جڑ سے اکھاڑپھینکا جائے۔

ہوناور مسلم تنظیم سوسائٹی نے  اس تعلق سے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے  گورنر کے نام میمورنڈم  دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ جو بھی اس حرکت کے لئے ذمہ دار ہیں ان کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے۔ اور ایسا سبق سکھایا جائے کہ آئندہ پھرکوئی امن اور بھائی چارگی کو نقصان پہنچانے والی  حرکتیں کرنے کی جرأ ت نہ کرسکے۔دیش کے دشمنوں سے نمٹنے کے لئے فوج کو مکمل اختیارات دئے جائیں۔ ہوناور تنظیم کے ذمہ داران نے کہا  کہ دہشت گردی مذہب اسلام کے اصولوں کے خلاف ہے،اس لئے ایسی سرگرمیاں انجام دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔اس موقع پر  شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور یگانگت کا اظہار کیا گیا۔

ہوناور میں  سید رفیق شاہ کے عرس کے موقع پر بھی  ملک کے لئے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے لئے دعا کی گئی اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ جیش محمد نامی تنظیم نے جو دہشت گردانہ کارروائی کی ہے وہ ایک بزدلانہ حرکت ہے۔ اس کے پیچھے چاہے جو بھی تنظیم اور ادارہ ہو اسے کسی قیمت معاف نہ کرتے ہوئے نیست و نابود کردیا جائے۔

سی پی ایم کی طرف سے مذمت: کاروار میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ)ضلع شمالی کینرا کی جانب سے بھی دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔سی پی آئی ایم ضلع شمالی کینر اکے سیکریٹری شانتارام نائک کی طرف سے جاری بیان میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیاہے کہ شہید اور زخمی ہونے والے سی آر پی ایف کے جوانوں کے خاندانوں کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔

مختلف مقامات پر مذمتی ریالیاں: ضلع شمالی کینرا کے مختلف مقامات سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق کمٹہ ،سرسی، یلاپور وغیرہ  میں بھی مسلم جماعتوں نے کشمیر میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت میں ریالیاں نکالیں اور اس قسم کے حملے کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ کیا۔ کمٹہ میں کانگریس، جنتادل اور بی جے پی کے علاوہ دیگر سماجی تنظیموں نے مشترکہ ریالی نکالی جس میں مسلم جماعتوں کے نمائندے بھی شامل رہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھٹکل میں مجلس اصلاح و تنظیم کی جانب سے بھی تحصیلدار میں مذمتی اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی گئی تھی، بعد میں یہاں  ریلی بھی نکالی گئی تھی جس میں مسلمانوں کی کثیر تعداد  شریک رہی تھی۔


Share: